معروف شاعر شرف الدین شرفؔ کے پہلے شعری مجموعہ ”زندگی ایک سفر“کی تقریب رونمائی

والتھم فاریسٹ پاکستانی کمیونٹی فورم اور انڈین مسلم فیڈریشن کے باہمی تعاون سے ادبی محفل
معروف شاعر شرف الدین شرفؔ کے پہلے شعری مجموعہ ”زندگی ایک سفر“کی تقریب رونمائی

لاہور نیوز 42(انٹرنیشنل ڈیسک) لندن کی معروف ادبی تنظیم ”والتھم فاریسٹ پاکستانی کمیونٹی فورم“ کی یہ خصوصیت ہے کہ دوسری ادبی سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر بے شمار پروگراموں کا انعقاد کرچکی ہے۔اس بار لندن کی پرانی ادبی سماجی تنظیم”انڈین مسلم فیڈریشن“ کے باہمی تعاون سے ایک یادگار ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں اسی کے قریب مرد و خواتین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔جبکہ اس ہال میں پچاس کرسیوں کی جگہ ہوتی ہے مگر تین گھنٹے کے پروگرام میں باقی تمام مرد و خواتین کھڑے رہے اور پروگرام کا لطف اٹھایا۔


معروف بزرگ شاعر محترم شرف الدین شرف ؔ کے پہلے مجموعہ کلام ”زندگی ایک سفر“ کی تقریب رونمائی کی گئی۔اس پروگرام کو معروف ڈرامہ نویس ڈائیریکٹر شمس الدین آغا صاحب نے مرتب کیا آپ ”انڈین مسلم فیڈریشن“کے صدر و بانی ہیں اور آج کے پروگرام میں اکثریت بھی انہی کی فیڈریشن کے لوگوں کی تھی جس میں پوری کی پوری فیملز نے شرکت کی۔اسٹیج پر تنظیم کے صدر ڈاکٹر رشید اختر ”انڈین مسلم فیڈریشن“ کے صدر اور آج کی ادبی محفل کے صدر جناب شمس الدین آغا صاحب۔صاحب کتاب شاعر جناب شرف الدین شرفؔ صاحب اور ان کے صاحبزادے شجاع الدین صاحب اور انڈیا سے اس محفل کے لئے خصوصاً تشریف لائی ہوئی محترمہ زہر ہ جبیں صاحبہ جو نڈیا کے مشہور اسکول ”انجمن اسلام گرلز ہائی اسکول باندرہ ممبئی“کی ڈپٹی ہیڈ مسٹرس ہیں جلوہ افروز تھے۔پروگرام کی نظامت حسب معمول امجد مرزا امجدؔ نے اپنے مخصوص انداز میں کی۔


امجد مرزا امجد نے پروگرام کی ابتدا اللہ کے مبارک نام سے کی جو بہت مہربان اور کرم کرنے والا ہے۔انہوں نے ”زندگی ایک سفر“ پر اپنا سیر حاصل مضمون پڑھا۔اور اسٹیج پر تشریف فرما مہمانوں سے کتاب کی رونمائی کی رسم ادا کروائی۔ رونمائی کے بعد امجد مرزا نے ”زندگی ایک سفر“ سے ایک غزل ترنم سے سنا کر خوب داد پائی۔اس کے بعد معروف ادیب ریس رلیشن کے سابقہ ہیڈ،چار کتابوں کے مصنف کوئین کی جانب سے ایوارڈ یافتہ معروف سماجی شخصیت جناب قادر بخش صاحب نے کتاب پر نہایت خوبصورت مضمون پڑھ کر داد پائی۔شمس الدین آغا صاحب کے تھیٹر کے سٹوڈنٹ،تھیٹر کے معروف اداکار جناب جہاں زیب سیفی صاحب نے صاحب کتاب اور کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آج کی اس محفل میں شرکت کے لئے انڈیا سے تشریف لائی محترمہ زہرہ جبین صاحبہ، معروف تھیٹر اداکار،انڈین فلموں کے اداکار اور ہندی سروسز کے پیشکار اردو پنجابی شاعر جناب کرشن ٹنڈن، گجراتی اسٹیج کی معروف اداکارہ مشہور کمپنی ”دو رس“ جو کلاسیکی میوزکل سی ڈی اور وڈیو بناتی ہے کی ڈائیریکٹر محترمہ حنا بخشی صاحبہ، شاعرہ اور مشہور سماجی کارکن محترمہ سحر مہدی صاحبہ نے شرف الدین شرف صاحب کی کتاب سے خوبصورت غزلیں نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیں۔


شرف الدین شرف صاحب کی نواسیوں قدسیہ بانو،خدیجہ مداری اور صوفیہ پٹیل نے کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔اسٹیج پر تشریف فرما محترمہ زہرہ جبین صانے شرف الدین صاحب کو شال پہنائی اور انہیں اپنے اسکول کی جانب سے شیلڈ عطا کی۔برطانیہ میں اسٹیج پر کئی کامیاب ڈراموں کے لکھاری ڈائیریکٹر و اداکار شاعر و ادیب جناب شمس الدین آغا صاحب، شاعر موصوف کے صاحبزادے شجاع الدین صاحب نے شاعر اور ان کی کتاب پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں محترم شرف الدین شرف صاحب نے اپنی کتاب سے ایک غزل کے چند اشعار پڑھ کر سنائے۔ شجاع الدین صاحب نے تمام مہمانوں اور اس محفل کو مرتب کرنے اور تعاون کرنے پر فرداً فرداً تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔والتھم فاریسٹ پاکستانی کمیونٹی فورم اور امجد مرزا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کتاب کو کمپوز کرکے شائع کیا۔۔


آخر میں امجد مرزا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور جگہ اور کرسیوں کی قلت سے پروگرام کے اختتام تک جو مرد و خواتین کھڑے رہے ان سے دلی معذرت کی۔۔تمام مہمانوں کی پروگرام کی ابتدا پر نہایت مزیدار چکن و سبزی کے سموسے اور مزیدار چاٹ پیش کی گئی۔چائے کا انتظام بھی اختتام تک قائم رہا۔چار بجے اس یادگار محفل کا اختتام ہوا اور تمام مہمانوں نے حسب معمول لائبریری کے باہر گروپ تصاویر بنائیں۔۔یاد رہے انشاء اللہ اگلا پروگرام یکم دسمبر کو اسی لائبریری کے ہال میں ایک بجے سے چار بجے تک ہوگا اور صرف مشاعرہ ہوگا کیونکہ اس بار پروگرام کی طوالت سے مشاعرہ کا انعقاد نہیں ہوپایا۔۔

Related posts

One Thought to “معروف شاعر شرف الدین شرفؔ کے پہلے شعری مجموعہ ”زندگی ایک سفر“کی تقریب رونمائی”

Leave a Comment